وزیراعظم کے حکم پر ایف بی آر کے 12 اعلیٰ افسران کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 12 اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹادیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 21 اور 22 کے 12 افسران کو عہدوں سے فارغ کرکے خدمات ایف بی آر ایڈمن پول کے سپرد کردی گئیں، ایف بی آر نے افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ممبر کسٹمز اکاﺅنٹنگ مکرم جاہ انصاری، ممبر آئی آر پالیسی آفاق قریشی کی خدمات بھی ایڈمن پول کے سپرد کردی گئیں، ممبر کسٹمز آپریشن ڈاکٹر فرید اقبال قریشی، شاہ بانو خان ڈی جی آئی او سی او کو ممبر ایڈمن پول بھیج دیا گیا۔ ڈاکٹر فرید اقبال قریشی ممبر کسٹمز آپریشن، طارق مصطفیٰ خان اکاﺅنٹنگ ممبر اوراحمد رﺅف ڈی جی لا اینڈ پراسیکیوشن کی خدمات ایڈمن پول کے سپرد کردی گئیں، حیدر علی دھریجہ چیف کمشنر کراچی کو ممبر ایڈمن پول بھیج دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد اعظم شیخ ڈی جی انٹرنل آڈٹ، چیف کلکٹر اپریزمنٹ کراچی محمد سلیم ،چیف کمشنر آر ٹی او کراچی ٹو عبدالوحید عقیلی، چیف کمشنر آر ٹی او اسلام آباد خورشید مروت کی خدمات بھی ممبر ایڈمن پول کے سپرد کردی گئیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیرِاعظم نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لے لیا جبکہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران کو معطل کرکے انکوائری کا حکم بھی دے دیا۔ وزیرِ اعظم نے حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر اصلاحات کی ہدایات جاری کردیں تھیں، ٹیکس ٹربیونلز میں اس وقت حکومت کے سینکڑوں ارب روپے کے کیسز زیر سماعت ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ان کیسز کے جلد نمٹائے جانے کی درخواست کی تھی، اسلام آباد میں ایف بی آر کے کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر وزیرِاعظم نے نوٹس لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں