پاکستان نے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کے اہداف کو نشانہ بنایا، بھارتی الزامات بے بنیاد ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام ضروری اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ بھارت پاکستان کےخلاف افغان سرزمین سے دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی بھی کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے سوشل میڈیا پیج پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور مضحکہ خیز بنایات وہ ملک دے رہا ہے جو خود مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا رہا ہے، بھارت کا طرز عمل اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت مسلسل علاقائی امن میں رکاوٹ ڈالنے والے کردار ادا کر رہا ہے، تاہم پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور کرے گا، بھارت کا طرز عمل اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔


