خضدار، وڈھ میں ہوٹل پر فائرنگ، تاجروں کا احتجاج، بازار مکمل بند، امن و امان بحال کرنے کا مطالبہ

خضدار (یو این اے) وڈھ میں فائرنگ کے بعد بازار مکمل بند، شہری شدید مشکلات سے دوچار.تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب وڈھ کے اشرف ہوٹل پر فائرنگ کے واقعے میں دو افراد کے زخمی ہونے کے بعد وڈھ بازار کے تاجروں نے عدم تحفظ کے باعث احتجاجا اپنی دکانیں بند کر دیں، جس کے نتیجے میں پورا بازار مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وڈھ بازار کے لیے سامان کی ترسیل بھی متاثر ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سامان لانے والی گاڑیوں کو درپیش مسائل کے باعث بازار میں اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد ضروری اشیا کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے، جبکہ کئی مارکیٹیں خالی پڑی ہیں۔ بازار کی بندش اور ضروری اشیا کی کمی کے باعث شہری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ عوام اور تاجروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور وڈھ بازار کے لیے سامان کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ معمولات زندگی بحال ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں