20ستمبر کو اسلام آباد میں بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام کی آواز گونجے گی، مولانا ہدایت الرحمن

کوئٹہ (آن لائن) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، عوام کو حقیقی ریلیف، مہنگائی، ناانصافی اور معاشی استحصال کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ 20ستمبر کو اسلام آباد مارچ عوام کے حقوق اور انصاف کے حصول کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔امرائے اضلاع،ذمہ داران اسلام آباد دھرنے کی تیاریاں تیزکریں۔حکمران و طاقتورطبقات بلوچستان کے عوام کے حقوق دینے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وضلعی ذمہ داران اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 20ستمبر اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کاجائزہ لیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر بلوچستان بھر میں 20ستمبر اسلام آباد مارچ کی بھرپور تیاری جاری ہیں۔ ارکان، کارکنان، امیدوارانِ رکنیت، وابستگان اور عوام سے رابطہ مہم تیز کی جائے گی اورزیادہ سے زیادہ افراد اسلام آباد مارچ میں شریک کرنے کرین گے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، کاروباری مشکلات اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا شکار ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز اور لیوی کے ذریعے عوام کی جیبوں پر مزید بوجھ ڈالنا ناقابل قبول ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ٹیکسز اور لیوی کے نام پر عوام سے وصولیاں بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اسلام آباد مارچ کسی فرد یا جماعت کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے حقوق، انصاف، معاشی آزادی، مہنگائی اور ظلم و ناانصافی کے خلاف پرامن عوامی جدوجہد ہے۔ بلوچستان کے کارکنان مساجد، بازاروں، مارکیٹوں، تعلیمی و تجارتی مراکز اور دیگر مقامات پر عوام سے رابطہ کرکے جماعت اسلامی کے مطالبات اور اسلام آباد مارچ کا پیغام پہنچائیں گے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ 20ستمبر کو اسلام آباد میں بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام کی آواز گونجے گی اور حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا جواب دینا ہوگا۔ جماعت اسلامی پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ اسلام آباد مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تیاری کریں اور20ستمبر کو عوام کی ایک مضبوط اور توانا آواز بن کر اسلام آباد پہنچیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں