امریکا نے کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی ترکی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا

واشنگٹن: امریکا نے صدر طیب اردوان کی پیشکش قبول کرتے ہوئے کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی ترکی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کی حفاظت کی ذمہ داری ترک فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کابل ایئرپورٹ فوجیوں کے انخلا کے بعد بھی غیر ملکی وفود کی افغانستان آمد و رفت کے لیے استعمال ہوتا رہے گا۔

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سُلیوان کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی ترکی کے حوالے کرنے کا فیصلہ صدر جو بائیڈن اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان برسلز میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

امریکی مشیرِ قومی سلامتی جیک سُلیوان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تنازع اور تناؤ کا باعث بننے والے معاہدوں کا طویل مدتی حل نہیں نکل سکا تاہم دونوں رہنماؤں نے ان معاملات پر بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے ترکی کا روس سے ایس-400 دفاعی نظام خریدنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ترکی کے ساتھ کیئے گئے امریکی جیٹ فائٹر طیاروں کی خریداری کے معاہدے کو منسوخ کردیا تھا اور یہ معاملہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں