امریکا کی روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی تیاری

واشنگٹن: امریکا کی جانب سے روس پر ایک بار پھر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹریو میں صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا تھا کہ امریکا روسی قائد حزب اختلاف الیکسی ناوالنی کو زہر دینے کے جرم میں روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کررہا ہے، ہم پابندیوں کا ایک اور پیکج تیار کررہے ہیں، اور جب بات روس کو جواب دینے کی آئے گی امریکا روس سے کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گا چاہے وہ امریکی انتخابات میں مداخلت ہو، سائبر حملے ہوں یا روسی اپوزیشن کا معاملہ ہو۔

دوسری جانب پابندی کے بعد دوبارہ واشنگٹن میں تعینات ہونے والے روسی سفیر اناطولی انتونوف نے پابندیاں عائد کیے جانے سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل جینوا میں ولادی میر پوٹن اور جو بائیڈن کی جنیوا میں ہوئی ملاقات کے درمیان کیے گئے فیصلوں کے خلاف ہے، پابندیاں روس اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید بگاڑدیں گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل جینوا میں امریکی صدر جوبائیڈن اور روسی صدر ولادی میر پوٹن کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، 3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں دیرینہ تنازعات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی جب کہ دونوں صدور نے اپنے اپنے ممالک سے بیدخل سفیروں کی واپسی پر بھی اتفاق کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں