انڈونیشیا فوجی کو ہم جنسیت پر 7ماہ قید کی سزا

جکارتہ:انڈونیشیا میں ایک فوجی کو ہم جنسیت پر سات ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں اس منحرف جنسی عمل پر پابندی عائد ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق 29 سالہ فوجی کو انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو پر ایک فوجی عدالت نے یہ سزا سنائی اور اس کو فوج سے برخاست کر دیا گیا۔یہ عدالتی کارروائی 15 جولائی کو عمل میں آئی تھی، تاہم عوامی سطح پر یہ فیصلہ اب سامنے آیا۔اس فیصلے میں لکھا گیا کہ سزا یافتہ فوجی کو اس کے افسرانِ بالا نے متعدد مرتبہ فوج میں ہم جنس رویوں پر پابندی سے متعلق متنبہ کیا تھا تاہم یہ ان پر مصر رہا۔ ہم جنس جنسی تعلق ایک منحرف جنسی عمل ہے اور اس فوجی کے اس عمل کی وجہ سے فوج کے تشخص کو نقصان پہنچا۔اس فیصلے میں اس سزا یافتہ فوجی کے ایک اور فوجی کے ساتھ رومانوی تعلق کی تفصیل درج ہے۔ اس کیس میں یہ دوسرا فوجی بہ طور گواہ پیش ہوا۔یہ بات اہم ہے کہ جولائی ہی میں انڈونیشیا کی بحری فوج کے ایک رکن کو ایک اور مرد فوجی کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے پر پانچ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں