احساس پروگرام، بلوچستان کے 6 لاکھ اور کوئٹہ کے 50 ہزار خاندان مستفید ہو رہے ہیں،قاسم سوری

کوئٹہ،ڈپٹی اسپیکر نیشنل اسمبلی قاسم خان سوری نے تنظیم نسل نو ہزارہ مغل کا دورہ کیا اور چیئرمین و اراکین سینٹرل کمیٹی سے ملاقات کی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ملک میں کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث معاشرے کے کم آمدنی والے افراد پر اس کے منفی اثرات سے متعلق حاضرین کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ حاضرین نے حکومتی اقدامات کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر حالات نے ملک بھر میں مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے جن کی کفالت کے لئے حکومت کی جانب سے مزدور طبقے کیلئے 12000 روپے فی کس کے حساب سے ایک کروڑ بیس لاکھ افراد کی مالی معاونت پاکستان کی تاریخ میں معاشرتی تحفظ کی سب سے بڑی کوشش کا آغاز ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ذاتی وسائل سے راشن کا بندوست کیا ہے جو تسلسل کے ساتھ میری ٹیم مستحق لوگوں میں تقسیم کر رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے تنظیم نسل نو ھزارہ مغل میں معاشرے کے کم آمدنی والے افراد میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔قاسم خان سوری نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچا دی ہے کورونا وائرس جیسے موذی مرض سے پوری قوم نے مل کر مقابلہ کرنا ہے انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ?کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ گھر کے اندر وقت گزاریں، اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور چہرے کو نہ چھوئیں، سماجی طور پر اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیں اور اپنے آس پاس موجود افراد سے 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔ اپنی، اپنے اہلخانہ اور دوسرے لوگوں کی حفاظت کریں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 144 ارب روپے کے احساس پروگرام میں بلوچستان کے 6 لاکھ اور کوئٹہ کے 50 ہزار خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ پوری دنیا اس پروگرام کو سراہا رہی ہے اقتصادی طور پر پاکستان کی حالت اچھی نہیں ہے اس کے باوجود اتنے بڑے پروگرام کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ بے گھر افراد کیلئے مہمان خانہ ہو، بھوکے پیٹ سونے والوں کیلئے لنگر خانہ ہو، یا پھر عوامی خدمت کا کوئی بھی پروگرام ہو، وزیراعظم عمران خان کی سوچ کا محور ملک کی غریب محنت کش عوام کا احساس ہی ہوتا ہے اور یہ احساس انھیں دھکوں میں دی گئی امداد نہیں بلکہ عزت سے دیا گیا ان کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں