اسلام آباد،نامعلوم افراد معمر میاں بیوی کے گھر میں گھس کر قتل کر کے فرار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مبینہ طور پر قتل کی ایک اور واردات ہوئی ہے۔ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر معمر میاں بیوی کو گھر میں گھس کر قتل کیا اور جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود میں معمر میاں بیوی اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔اس ضمن میں تھانہ بنی گالہ نے اپنے گھر میں مردہ پائے جانے والے 74 سالہ میجر (ر)شاہد رحمان اور ان کی اہلیہ کے بیٹے کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔مقدمہ کے مدعی نے موقف اختیار کیا ہے کہ نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر ان کے والدین کو قتل کیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے حوالے سے پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ کہیں اپنی جانوں کی بازیاں ہارنے والے معمر میاں بیوی کو کھانے میں زہر تو نہیں دیا گیا ہے؟پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے تمام ثبوت و شواہد کو اکھٹا کرلیا ہے جب کہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے بتایا ہے کہ اپنے گھر میں مردہ پائے جانے والے میاں بیوی کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں