پی ایم ڈی سی کی جانب سے اہم ریکارڈ، لیپ ٹاپس اور ہارڈ ڈسک غائب ہونے کا انکشاف

اسلام آباد:پی ایم ڈی سی کی جانب سے اہم ریکارڈ، لیپ ٹاپس اور ہارڈ ڈسک غائب ہونے کا انکشاف ہوا،رجسٹرار پی ایم ڈی سی حفیظ الدین نے تحریری رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔ منگل کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہاگیاکہ پی ایم ڈی سی بحالی کے بعد مختلف ڈیپارٹمنٹس کا ریکاڑد غائب پایا گیا، مختلف ڈیپارٹمنٹس کی چابیاں، تین لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈسک اور وائی فائی ڈیوائس تک غائب ہیں۔رپورٹ میں کہاگیاکہ پی ایم ڈی سی کی ملکیت والی پانچ گاڑیاں غائب ہیں، جو گاڑیاں موجود ہیں ان کی چابیاں موجود نہیں، پی ایم ڈی سی کی ملکیت والے تین گھروں کی چابیاں بھی ابھی تک واپس نہیں کی گئیں، کالعدم قرار دیئے گئے پاکستان میڈیکل کمیشن کے سیکرٹری اور وزارت صحت کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق وزارت صحت سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا یاددہانی کا خط بھی بھیجا جا چکا،رپورٹ کے مطابق کالعدم پاکستان میڈیکل کمیشن کے سیکرٹری ڈاکٹر ارسلان حیدر سے بھی رابطہ کیا گیا، ڈاکٹر ارسلان حیدر نے خود آنے سے صاف انکار کر دیا، کہا وزارت صحت سے ہی بات کریں، پی ایم ڈی سی بحالی کے بعد 1000 رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کر چکی ہے، کْل 6500 زیر التوا رجسٹریشن کیسز کی نشاندہی کی جا چکی ہے، پی ایم ڈی سی نے کورونا کے باعث ابھی صرف 45 ملازمین کے محدود سٹاف کیساتھ کام شروع کیا ہے،ڈاکٹروں کی سہولت کے لئے کراچی، لاہور سمیت تمام علاقائی دفاتر بھی فعال بنا دیئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں