کوئٹہ، سردی واپس آگئی، بارش کا بہتا پانی وبال جان بن گیا

کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی ایک مرتبہ پھر لوٹ آئی بلکہ سڑکوں اور شاہراہوں پر کھڑا اور بہتا پانی عوام کیلئے وبال جان بنا گیا،گزشتہ شب بارش کے شروع ہوتے ہی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی صارفین کو داغ مفارقت دے گئی جبکہ گیس پریشر کی کمی نے بھی شہریوں کوا ٓن گھیرا،تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات سے شروع ہونے والے بارش کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گرد ونواح میں سردی واپس لوٹ آئی اور لوگوں نے گرم لباس زیب تن کئے بارش کے باعث شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تاہم مختلف علاقوں میں بند سیوریج لائنیں سڑکوں اور گلی کوچوں میں بہتا اور کھڑا پانی عوام کیلئے باران رحمت کو زحمت بنادیا اور لوگوں کو وہاں چلنے پھرنے اور گزرنے میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بند سیوریج لائنیں بھی مکینوں کیلئے مشکل کاسامان کر گئی اور پانی سڑکوں اور گلی کوچو ں میں بہتا رہا جس کی وجہ سے اہلیان علاقہ کو مشکلات پیش آئی یہی نہیں بلکہ کوئٹہ کے مختلف شاہراہیں ندی نالوں کامنظر پیش کرنے لگی،لاک ڈاؤن کے دوران بارش سے شہر کی رونقیں مزید ماند پڑ گئی اور لوگوں نے گھروں پر ہی رہنے کو ترجیح دی دوسری جانب گزشتہ شب سے شروع ہونے والی بارش سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کا طویل ترین بریک ڈاؤن ہوگیاہے جس نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیاہے،عالمو چوک سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ شب شروع ہونے والی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جمعہ کی دو پہر تک جاری رہا یہی نہیں گیس پریشر کی کمی نے بھی عوام کے سکون کو غارت کیا اور وہ ایک مرتبہ پھر لکڑیاں جلانے،بجلی ہیٹرزاور دوسرے ذرائع کو استعمال کرنے پر مجبور ہوئے۔سال رواں کے دوران ہونے والی برف باری اور بارشوں سے زرعی ماہرین کو اچھی فصلات کی توقع ہے تاہم دوسری جانب صوبے سے تعلق رکھنے والے زمینداروں کو ٹڈی دل کی آفت کا بھی سامنا ہے اور اکثر علاقوں میں ٹڈی دل نے کھڑی اور تیار فصلیں بری طرح تباہ کردی ہے تاہم ماہرین کے مطابق بارشوں سے زیر زمین پانی کے گراف میں بہتری آئے گی،کوئٹہ کے علاوہ خانوزئی،مسلم باغ اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی موسم آبرآلود رہنے کاامکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں