موجودہ سلیکٹڈ حکومت عوام پر بوجھ بن گیا ہے،بی این پی

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہاہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت عوام پر بوجھ بن گیا ہے نااہل حکمران تقریروں کے ذریعے عوام کو سبزباغ دکھاکرانہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ تین سال گزر نے کے باوجود حکمران ملک کوترقی اور معیشت کو بہتر کرنے کیلئے کوئی واضح وژن نہیں رکھتے،پی ڈی ایم کے مرکزی کال پر ملک بھر میں مہنگائی،بے روزگاری اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 17نومبر کو کوئٹہ میں تاریخ ساز احتجاجی ریلی نکالی جائے گی بی این پی کے کارکن اور جمہوریت پسند عوام ریلی میں شرکت کرکے ثابت کریں کہ وہ موجودہ نااہل حکمرانوں کی ناروا پالیسیوں سے اکتا چکے ہیں۔ان خیالات کااظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر وضلعی آرگنائزر غلام نبی مری،ملک محی الدین لہڑی،ڈاکٹر علی احمد قمبرانی،ملک عطاء اللہ مینگل،لالا ممتاز مینگل،ماسٹر حاجی محمد اسحا ق مینگل،محمد نصیف محمد حسنی،اقبال مینگل،ڈاکٹر صفی پرکانی نے کلی سردار کاریز مغربی بائی پاس میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہاکہ آج ملک میں عام آدمی مہنگائی کی وجہ ے پریشانی سے دوچار ہے اور اس کی صرف ایک ہی وجہ عمران خان کی نااہلی ہے الیکشن سے پہلے اور بعد میں بڑی بڑی باتیں کرکے اقتدار حاصل کرنے والے عمران خان کے پاس اب ملکی بحرانوں کے حل کیلئے نہ کوئی وژن ہے اور نہ ہی کوئی منصوبہ بندی۔ قوم مہنگائی کی صورت وہ خوفناک قیمت ادا کر رہی ہے جس کا ازالہ اگلی کئی حکومتوں کو کر نا ہوگا۔ ملک مقروض اورمعیشت تباہ ہے انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے پہلے سے کمزور معیشت کو پوری طرح بربادکر دیاہے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے اور50لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ تو کرلیاہے لیکن اب اپنے وعدوں کی بجائے اس کے الٹ کررہاہے ہزاروں لوگ بے گھر کر دئیے گئے۔ کوئٹہ میں 17نومبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخ ساز مارچ ہوگا جو موجودہ حکومت کے حکمرانی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو دریں اثناء بی این پی کوئٹہ کے آرگنائزنگ کمیٹی کااجلاس گزشتہ روز مرکزی کمیٹی کے ممبر وضلعی آرگنائزر غلام نبی مری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی آرگنائزر میر جمال لانگو، محمدلقمان کاکڑ،ڈاکٹر علی احمدلہڑی،ماما نصیر مینگل،نسیم جاوید ہزارہ،ستار شکاری ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام 17نومبر کو مہنگائی کے خلاف مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ مقررین نے کہا کہ 17نومبر کو ملک میں ہوشربا مہنگائی کے خلاف عظیم الشان احتجاجی مارچ ہوگا جس کی قیادت میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں ملک کو معاشی،سیاسی، اقتصادی بحرانوں سے دوچار کیا ہے۔ حالیہ مہنگائی نے غریب عوام کو نان شبینہ کیلئے مجبور کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں