کیسکوکا 200یونٹ سے زائد استعمال کرنیوالے صارفین کو ونٹر پیکج پربجلی فراہم کرنے کا اعلان
کو ئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عارف نے کہا ہے کہ کمپنی 200یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ونٹر پیکیج کے تحت رعایتی نرخوں پر بجلی فراہم کرے گی، وولٹیج کی کمی و بیشی اور بجلی سے متعلق دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے پرانے لائنوں کی حالت زار بہتر بنانے اور نئے فیڈرز پر کام جاری ہیں،کوئٹہ شہر میں متعددنئے فیڈرز کی تنصیب کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ان نئے فیڈروں کی تنصیب اور بائی فرکیشن کے بعد بجلی کی فراہمی میں بہت بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے قائمہ کمیٹی برائے کیسکو کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے قائمہ کمیٹی برائے کیسکو کے چیئرمین سید احد آغا،وائس چیئرمین محمد عیسی خروٹی،حاجی جانان اچکزئی،یاسر صدیقی اور عبدالہادی نے کیسکو چیف کی توجہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ،وولٹیج کی کمی و بیشی اوردیگر مسائل کی جانب مبذول کرائی اور بتایا کہ کوئٹہ،پشین،قلعہ عبداللہ،مستونگ،قلات سمیت صوبے کے مختلف اضلاع اور علاقوں سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کا صارفین کو سامنا ہے جسے صارفین کی گھریلو اور کاروباری زندگی پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس بابت اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے اپنے مطالبات پر مشتمل چارٹر آف سے متعلق بھی کیسکو چیف کے ساتھ سیر حاصل گفتگو کی چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے کیسکو کے عہدیداران نے کیسکو چیف انجینئر محمد عارف کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر کیسکو چیف انجینئر محمد عارف کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے نئے فیڈرز پر کام جاری ہیں بلکہ اب تک متعدد فیڈرز کا کام مکمل بھی کیا جا چکا ہے جب کچھ فیڈرز پر جاری کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ لائنوں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کیسکو نے صارفین کے لئے ونٹر پیکیج شروع کر دیا ہے جس کے تحت سردیوں کے موسم میں 200یونٹس سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی کے نرخوں پرخصوصی رعایت دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ہم نے انتہائی قلیل مدت میں صارفین کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے بھر پور انداز میں کام کیا ہے اور مختلف اقدامات اٹھائے ہیں، کیسکو چیف انجینئر محمد عارف نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے قائمہ کمیٹی برائے کیسکو کے عہدیداران و ممبران کی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کی دعوت قبول کی اور کہا کہ وہ جلد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں تاہم کسی کو بھی بجلی چوری کی اجازت نہیں دی جا سکتی،انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی بلوں کی ریکوری سے منسلک ہیں جن فیڈرز کے صارفین زیادہ بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں انہیں بجلی بھی زیادہ دی جاتی ہے جن فیڈرز سے صارفین بلوں کی ادائیگی نہیں کرتے ان فیڈرز کو بجلی کی فراہمی بھی کم کی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صارفین اور کیسکو کمپنی کے درمیان پل کا کردار ہے جو قابل ستائش ہیں۔


