تمپ میں سینکڑوں افراد کا احتجاج و دھرنا

تمپ (نامہ نگار) کلاہو اور سرنکن کے عوام کا تمپ میں سیکیورٹی فورسز کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج، ایف سی کیمپ کے سامنے دھرنا، تمپ کے علاقے کلاہو اور سرنکن سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مردو خواتین اور بچوں نے پیر کے روز سخت احتجاج کرتے ہوئے ایف سی کیمپ کے سامنے دھرنا دیا، مظاہرین نے کہاکہ فورسز کے اہلکار آئے روز گھروں میں گھس کر لوگوں کو تنگ کرتے اور ان کے بچوں کو ماورائے آئین و قانون لاپتہ کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ گزشتہ شب بھی ایف سی کی بھاری نفری نے آکر ہمارے گھروں پر چھاپہ مارا اور اس دوران ہمارے چھ بچوں کو اٹھاکر لاپتہ کیا جن کے بارے میں ہمیں تاحال کوئی معلومات نہیں دی جارہی ہیں، انہوں نے کہاکہ ساری ولد براہیم، عارف ولد رحیم جان، مصدق ولد رحیم جان، لطیف ولد محمد، شیراز ولد اسماعیل اور عظیم ولد نزرت شامل ہیں جنہیں لاپتہ کیا گیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کیا جائے اگر وہ مجرم ہیں اور ان کے ثبوت موجود ہیں تو عدالتوں میں ثبوت پیش کیے جائیں تاکہ عدالت اپنی طرف سے انصاف کے تقاضے پورا کرے، اگر اس طرح لوگوں کو اٹھاکر لاپتہ کردیا جائے تو قانون اور آئین کی روح مجروح ہوتی ہے، بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تمپ اور ایس ایچ او تمپ نے مظاہرین سے مذاکرات کی اور ان کے مطالبات مان کر لاپتہ افراد بازیاب کرانے میں کوشش کی یقین دہانی کرائی تاہم مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ کیے گئے افراد کو فوری بازیاب کیا جائے ورنہ وہ تمپ ٹو تربت شاہراہ پر دھرنا دے کر اسے بلاک کردیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں