سندھ میں 14 سالوں سے راج کرنے والی پیپلز پارٹی کی کارکردگی صفر ہے، اسد عمر
کراچی:پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سیکرٹری جنرل و وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں 14 سالوں سے پیپلز پارٹی کا راج ہے اور کارکردگی صفر ہے،سندھ کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جدوجہد کررہی ہے،کراچی میں ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، کراچی کی ترقی کی ذمہ داری وفاق نے اٹھائی ہے اسی لئے کراچی کے شہریوں کیلئے میگا پروجیکٹس لیکر آئے ہیں۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف ہاؤس میں پی ٹی آئی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان، صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفارموجود، سعید آفریدی، رابستان خان،ارسلان تاج،راجہ اظہر،سدرہ عمران،رابعہ اظفر، شاہنواز جدون،ریاض حیدر، عدیل احمد، عباس جعفری سمیت دیگرشریک تھے۔اجلاس میں گھوٹکی کراچی مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا،اجلاس میں شریک اراکین کی جانب سے سندھ حقوق مارچ سے متعلق مختلف تجاویز پر غوربھی کیا گیا۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل و وفاقی وزیر اسد عمرنے سندھ سمیت کراچی ریجن کی تنظیم کے نومنتخب عہدیداروں کومبارکباددی۔ اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری کا لانگ مارچ اپنے ورکرز کے ساتھ بھی دھوکا ہے،بلاول زرداری کا لانگ مارچ ناکام مارچ میں تبدیل ہوجائے گا۔


