ایمان مزاری نے احتجاج کرنیوالےبلوچ طلبہ کیخلاف مقدمہ خارج کرنےکی درخواست دائرکردی
وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان زینب مزاری اور دیگر نے نیشنل پریس کلب کے باہر یکم مارچ کو احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنےکی درخواست دائر کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ 7 مارچ کو یہ درخواست سنیں گے، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی پولیس اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان زینب مزاری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ مقدمہ بے بنیاد اور غیر قانونی ہے، خارج کیا جائے۔واضح رہے کہ بلوچ طلبہ نے یکم مارچ کو نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا تھا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا۔احتجاج میں شرکت پر پولیس نے ایمان زینب مزاری اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ سمیت احتجاج میں شریک سیکڑوں طلبہ کےخلاف مقدمہ درج کیا تھا،مبینہ طور پر ریاست مخالف نعرے لگانے پر مقدمے میں بغاوت اور بلوے کی دفعات لگائی گئی تھیں۔


