ماسکو پر پابندیوں کیخلاف چین کوئی آسانیاں پیدا نہیں کر رہا،وزارت خارجہ
بیجنگ:چین نے روس پر عائد پابندیوں کے خلاف سہولت کاری کی تردید کر دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ روس پر عائد امریکی اور یورپی پابندیوں کے خلاف بیجنگ ماسکو کے لیے کوئی آسانیاں پیدا نہیں کر رہا۔چینی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار کے مطابق چین جان بوجھ کر ایسا کچھ نہیں کر رہا، جس سے روس کے لیے آسانی پیدا ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم چین پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ ان کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں۔چینی حکومت کا یہ بیان یورپی یونین اور چینی رہنماؤں کے گزشتہ روزہونے والے آن لائن سربراہی اجلاس کے بعد سامنے آیا۔اس اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین کی جنگ میں ماسکو کی مدد کرنے کی صورت میں چینی یورپی اقتصادی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔چین نے یوکرین میں فوجی مداخلت کرنے پر ابھی تک اپنے اتحادی ملک روس کی کوئی مذمت نہیں کی۔


