کراچی میں قلت آب، واٹر ٹینکر مافیا راج کےخلاف جماعت اسلامی کا شارع فیصل پر دھرنا

کراچی (انتخاب نیوز) شہر قائد میں پانی کی قلت اور واٹر ٹینکر مافیا راج پر جماعت اسلامی نے واٹر بورڈ انتظامیہ کے خلاف شارع فیصل پر واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دیدیا، مصروف شاہراہ کے دونوں ٹریک ٹریفک کےلئے بند کردیئے گئے ، صرف ایمبولنس کیلئے راستہ کھلا رکھا گیا ہے،شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شدید گرمی میں شارع فیصل پر عوام کا ہجوم اپنے حق کے لیے جمع ہوا ہے، ارباب اختیار نے کراچی کے عوام کو تنہا چھوڑدیا ہے، ملک میں سیاسی افراتفری ہے، آج وزیر اعظم کراچی آئے اور اعلان کرکے چلے گئے، 14سال سے پیپلزپارٹی بر سر اقتدار میں ہے لیکن آج تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوا،ٹینکر مافیا پانی کی لائن سے غیرقانونی کنکشن لے رہا ہے،پانی کی ترسیل کا نظام مافیا کے ہاتھ میں ہے،کراچی کے شہریوں کا کیا جرم ہے کہ انہیں پانی، بجلی سمیت تمام ضروریات زندگی سے محروم کیا جارہا ہے، انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اپنے علاقوں کے پمپنگ اسٹیشنزکا گھیراؤ اور ٹینکر مافیا کو بے نقاب کریں،ایم ڈی واٹر بورڈ اور انتظامیہ سے کہنا چاہتا ہوں اپنے حصے کا کام کریں پھر نہ کہنا حالات خراب ہورہے ہیں۔جماعت اسلامی حقوق کے حصول کے لیے کراچی کے تمام مقامات پر دھرنا دیں گے، انھوں نے کہا کہ 29مئی کو کراچی میں مزار قائد سے حقوق کراچی کارواں نکالیں گے،دھرنے سے رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے بھی خطاب کیا، دریں اثنا دھرنے کے باعث ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے ایئر پورٹ سے میٹروپول آنے والی سڑک کو عارضی طور پر بند کردیا گیا، ایئر پورٹ سے آنے والی ٹریفک کو کارساز فلائی اوور پر اسٹیڈیم کی جانب موڑ دیا گیا اسی طرح اسٹیڈیم سے بذریعہ کارساز فلائی اوور شارع فیصل جانے والی ٹریفک کو کارساز فلائی اوور کے نیچے یو ٹرن دے کر واپس بھیجا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں