شیرانی جنگلات میں لگی آگ پر ملکی میڈیا کی خاموشی باعث تشویش ہے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ضلع شیرانی کے (کسے غر) کوہ سلیمان میں چلغوزے کے ہزاروں سال پرانے قیمتی جنگل میں لگائے گئے آگ سے ہمارا قومی قیمتی اثاثہ تباہی کے دہانے پر پہنچا ہے لیکن ابھی تک سنجیدہ نوٹس نہ لینا کئی سوالات جنم دے رہا ہے۔ ملکی میڈیا کی مکمل خاموشی اور کسی بھی قسم کی کوریج،نیوز حتی کہ ٹیکرز تک نہیں چلائے گئے جس کے باعث ہمارے عوام میں میڈیا کی اس پشتون دشمنی پر مبنی پالیسی کیخلاف سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں قیمتی درخت جل چکے ہیں لیکن نہ ہی حکومت اور نہ ہی محکمہ جنگلات و ماحولیات نے اس اہم وسنجیدہ مسلئے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔جبکہ علاقے کے عوام اپنی مددآپ آگ بجھا رہے ہیں فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے جدیدآلات منگواکر قیمتی جنگل کو بچایا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف ایک یا دو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اتنے بڑے جنگل میں لگی آگ پر قابو پانا ناممکن ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہمسایہ ممالک اور عالمی تعاون کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں جائے اور یہاں دوبارہ جنگلات کے فروغ کیلئے درختوں کی بڑی تعداد میں شجر کاری کی جائے اور اس کی تحفظ کیلئے ہر سطح پر اقدامات ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں