کوئٹہ کے ٹرانسپورٹروں کی غنڈہ گردی کیخلاف جھل مگسی میں شٹر ڈاؤن
جھل مگسی (انتخاب نیوز) کوئٹہ کے ٹرانسپورٹرز کی کھلے عام غنڈہ گردی اور لاقانونیت کے خلاف جمعہ کو گنداواہ شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال،تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے، ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے میں گنداواہ شہر کی عوام سمیت وکلاء تنظیم، سماجی تنظیم ینگ ویلفیئر آرگنایزیشن گنداواہ کے عہدیداران و کارکنان اقلیتی برادری و نومنتخب کونسلران ایم سی گنداواہ و دیگر عوام نے شرکت کرکے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی،احتجاجی ریلی بازار سے ہوتی ہوئی میر یوسف عزیز مگسی پریس کلب گنداواہ پہنچی جہاں پر کوئٹہ ٹرانسپورٹ مالکان کی غنڈہ گردی اور ناجائز مقدمات کی شدید مذمت کی گئی اور نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مقامی پولیس شر پسند عناصر کی پشت پناہی بند کرے ورنہ آگے اس سے بھی شدید احتجاج کیا جائے گا۔ریلی میں بار ایسوسی ایشن جھل مگسی کے صدر مشتاق احمد ترین، قبائلی رہنماء میر کمال خان مگسی ایڈوکیٹ سید غلام رسول شاہ بخاری، مگسی پینل کے رہنماء سید سلطان شاہ بخاری نومنتخب کونسلران ایم سی گنداواہ وڈیرہ محمد سچل دھکڑ، سید ظہور احمد شاہ حسینی، شاہد حسین کلواڑ، ینگ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر فیاض احمد کلواڑ دیگر عہدیداران و عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


