ڈیموں کے ٹوٹنے اور شگاف پڑنے کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابوں کے دوران اس دو قومی صوبے کے مختلف اضلاع اور علاقوں میں مختلف ڈیموں کے ٹوٹنے،اس میں شگاف پڑنے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں طویل خشک سالی کے بعد حالیہ بارشوں کے باعث ڈیموں کی مکمل اکثریت پانی سے بھر چکی ہے اور لاکھوں ایکڑ فٹ پانی محفوظ ہوچکا ہے اور جن علاقوں میں ڈیمز پانی سے بھر چکے ہیں ان علاقوں کے زمیندار اور بزگر حالیہ بارشوں سے نقصانات کے باوجود خوشی کا اظہار کررہے ہیں کہ اب پانی کی زیر زمین سطح بلند ہونا شروع ہوجائیگا لیکن کچھ مخصوص علاقوں میں جن ڈیموں میں شگاف پڑنے کے باعث پانی جمع نہ ہوسکے وہ قابل افسوس اور قابل گرفت ہے۔ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ڈیموں کے ٹوٹنے اور شگاف پڑنے کے واقعات کی حقیقی بنیادوں پر تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائیں اور متعلقہ ڈپارٹمنٹس اور ٹھیکیداروں سمیت جس پر بھی ذمہ داری عائد ہوگی، ان کیخلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان ڈیموں کی از سر نو تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں