جیکب آباد، تحصیل ٹھل میں گیسرو سے بچوں اور خاتون سمیت 5 جاں بحق

جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں گیسٹرو کی وباء نے تباہی مچادی، 4 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق۔ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی بعد گیسٹرو کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں بچے اور مرد و خواتین مبتلا ہوگئے ہیں، گیسٹرو کی وباء کے پھیلنے کے بعد متاثرین کو سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں داخل کیا جارہا ہے، ٹھل میں گیسٹرو کے باعث ایک ہی روز میں 4 بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوچکی ہے، گاؤں محمد اسلم مرہٹو میں دو بھائی 6 سالہ عبدالوہاب اور 5 سالہ فاروق مرہٹو، گاؤں یار علی پہوڑ میں 5 سالہ فوزیہ پہوڑ، 6 سالہ کوثر پہوڑ اور 50 سالہ امیران خاتون گیسٹرو میں مبتلا ہوکر فوت ہوچکے ہیں۔ میتوں کو دفنانے کے لیے ورثا کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گاؤں میں بارش و سیلابی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے میتوں کو پانی سے گزر کر قبرستان پہنچانا پڑ رہا ہے، تحصیل ٹھل میں اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں بچے گیسٹرو میں مبتلا ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے ان کے علاج کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے اور تاحال متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی نہیں بھیجی گئی ہیں جس کی وجہ سے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ تحصیل ٹھل میں اب تک گیسٹرو کی وجہ سے 14 سے زائد اموات ہوچکی ہیں، متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھیجی جائیں اور ان کے بچوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں