بیلہ، لڑائی جھگڑے میں زخمی شخص دوران علاج چل بسا، ورثاءکا لاش کے ہمراہ دھرنا

اوتھل (انتخاب نیوز) بیلہ کے نواحی علاقے میں اراضی کے تنازعے میں دو گروہوں میں ہونے والے جھگڑے میں شدید زخمی ہونے والا محمد رمضان خاصخیلی ٹراما سینٹر سول ہسپتال کراچی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ورثا اور برادری کے لوگ انصاف کیلئے میت لے کر بیلہ تھانہ پہنچ گئے اور دھرنا دیکر قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ روز بیلہ کے نواحی علاقے محمودانی بھٹ میں رونجھہ اور خاصخیلی قبائل کے مابین اراضی کے تنازع میں ہونے والے جھگڑے میں خاصخیلی برادری کے نوجوان محمد رمضان خاصخیلی ولد پپن خاصخیلی شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال بیلہ لایا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مقتول کے ورثا اور خاصخیلی برادری کے لوگ سخت مشتعل ہوگئے اور میت کراچی سے لے کر بیلہ تھانہ پہنچے جہاں دھرنا دیا اور مقتول محمد رمضان خاصخیلی کے والد پپن خاصخیلی نے ملوث قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پولیس تھانہ بیلہ میں درخواست جمع کرا دی۔ خاصخیلی برادری نے رمضان خاصخیلی کے قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے قتل کے واقعے کو قابل مذمت قرار دیا ہے اور ملوث قاتلوں کی فوری گرفتاری اور ورثاءکو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس موقع پر خاصخیلی برادری کے معزز شخصیت ماسٹر منظور خاصخیلی سے مذاکرات کے بعد ورثاءمیت دفنانے پر رضا مند ہوگئے۔ SHO بیلہ محمد اسحاق رونجھو کے مطابق کسی کے ساتھ زیادتی اور حق تلفی نہیں ہوگی، قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں