ایران بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں شروع کرنا ترجیحات میں شامل ہے، ڈاکٹر مالک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت ہو یا معیاری تعلیم کی ترقی کےلئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا،بلوچستان میں ایسے کاروبار کی ترقی کی خواہش ہے جو صوبے کی عوام کی ضروریات پوری کرے، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا صوبے میں صنعت و تجارت کی ترقی کےلئے کردار قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سالانہ جنرل باڈی کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف حاجی غلام فاروق خلجی نے چیمبر کے سابق صدر فدا حسین دشتی، سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی اور نائب صدر امجد علی صدیقی کو گزشتہ ایک سال کے دوران شاندار کارکردگی پر داد تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ایک سالہ دور میں صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے لیے بہترین خدمات انجام دئیے جس پر انہیں گولڈ میڈلز سے نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگریسیو بزنس گروپ نے روز اول سے ملک اور صوبے کی بزنس کمیونٹی کو ساتھ لیکر درپیش مسائل کے حل کےلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف بازارچہ بزنس ٹرمینل کی فعالی ہوگی بلکہ بادینی بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں شروع کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کو تجارت کی ترقی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونے کےلئے کانفرنس کے انعقاد کی تجویز دی اور کہا کہ چیمبر اس بابت میزبانی کےلئے تیار ہیں ۔انہوں نے نومنتخب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا اور ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کےلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ بلوچستان میں کاروبار اور معیاری تعلیم کی ترقی کے بغیر درپیش چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہ ہوگا صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کی ترجیح انہی شعبوں کی ترقی ہونی چاہیے ،بلوچستان مواقعوں کی سر زمین ہے ہمارے پاس ہمسائیہ ممالک کے ساتھ ہزاروں کلو میٹر سرحدات ہیں بلکہ ہم وسیع ساحل سمندر بھی رکھتے ہیں،بلوچستان کنزیومر سوسائٹی ہے میری خواہش ہے کہ بلوچستان میں ایسے کاروباری شعبے ترقی کرے جو صوبے کی عوام کی غذائی و دیگر ضروریات پوری کر سکے انہوں نے کہا کہ ہم صنعت و تجارت سمیت مختلف شعبوں سے متعلق نکات کو اپنی پارٹی منشور کا حصہ بنائیں گے ان کا کہنا تھا کہ آسمان سے کوئی نہیں آئے گا بلکہ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ہم سب کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور بزنس کمیونٹی کے تحفظ کے لیے بھی کام کرنا ہوگا۔ اسے قبل سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سابق صدر فدا حسین دشتی نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ہمسائیہ ملک ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ معاہدہ ،بازارچہ بزنس ٹرمینل کی تعمیر،ٹیکس ویلیو ایشن میں رعایت و دیگر ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے چیمبر کے سینئر عہدیداران و ممبران کا بھر پور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اس موقع پر چیمبر کے سینئر نومنتخب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے،ہماری کوشش ہو گی ہم صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کی عوام کو درپیش ٹریفک جام ،صفائی و دیگر کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں گے ہم بزنس کمیونٹی کی امیدوں کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔اس موقع پر بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) شکیل بلوچ،سنیئر ایڈوائزرریجنل وفاقی محتسب سرور بروہی و دیگر بھی موجود تھے آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،سنیئر نائب صدر آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا کو ان کی کرسیوں پر بٹھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں