طلباء و طالبات گھر بیٹھے آن لائن رزلٹ کارڈ، تعلیمی اسناد اور سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کو گھر بیٹھے رزلٹ کارڈ، اصل اور ڈپلیکیٹ سند، رزلٹ کارڈ اور سند کی ویری فکیشن اور مائیگریشن سرٹیفکیٹ آن لائن درخواست کے ذریعے حاصل کرسکیں گے، محکمہ تعلیم کی کوشش ہے کہ طلباء و طالبات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے آن لائن سروس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری کا لجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن حافظ عبد الماجد،چیئر مین بلوچستان بورڈ اعجاز احمد بلوچ اور کنٹرولر امتحانات شوکت علی سرپرہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے باقاعدہ آن لائن سروس کی فراہمی کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجارہا ہے تاکہ دور دراز سے طلباء و طالبات کو اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے کی زحمت نہ کرنے پڑے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے طلباء و طالبات اب گھر بیٹھے رزلٹ کارڈ، اصل اور ڈپلیکیٹ سند، رزلٹ کارڈ اور سند کی ویری فکیشن اور مائیگریشن سرٹیفکیٹ آن لائن درخواست کے ذریعے حاصل کرسکیں گے اورانہیں بورڈ آفس اور محکمہ تعلیم کے دفاترآنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ میر نصیب اللہ مری نے چیئر مین بلوچستان بورڈ میر اعجاز عظیم بلوچ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور سٹم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلو چستان اور میری کوشش ہے کہ طلباء و طالبات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین بورڈ اعجاز احمد بلوچ نے صوبائی وزیر تعلیم میرنصیب اللہ مری اورسیکرٹری حافظ عبدالماجد کو آن لائن سروس کے بارے میں بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں