شریف خاندان عقل و فہم کے سنگین مسائل سے دوچار ہے، شیریں مزاری

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنماء شیریں مزاری نے کہاہے کہ شریف خاندان عقل و فہم کے سنگین مسائل سے دوچار ہے، مریم نواز کے والد کی سیاست سے قوم اچھی طرح واقف ہے،ملک کے خلاف کرپٹ خاندان کے عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ شریف خاندان عقل و فہم کے سنگین مسائل سے دوچار ہے، مریم نواز کے والد کی سیاست سے قوم اچھی طرح واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی سازش کا نتیجہ نہیں ان کے اپنے کرتوتوں کا ثمر تھا، پاناما لیکس خود نواز شریف کے دور میں منظرعام پر آئیں۔شیریں مزاری نے کہا کہ پاناما جیسے عالمی انکشاف سے نواز شریف کی کرپشن بے نقاب ہوئی اور ان کیخلاف تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں جے آئی ٹی نے کیں۔پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی، کرپشن پر فیصلے، سپریم کورٹ، احتساب عدالت نے سنائے، یہ حقیقت قوم تسلیم کرچکی ہے کہ نواز شریف نے لوٹ مار کو اولین ہدف بنایا، جب وہ اقتدارسے نکلے تو این آر او اور چوری معافی کیلئے ہاتھ پاؤں مارتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز والد کے پلیٹ لیٹس پورے کرنے کے ساتھ دماغ کیلئے بھی معالج رکھیں، ملک کے خلاف کرپٹ خاندان کے عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں