نئی دہلی، ہندووں کی مذہبی جماعت نے پاکستانی فلم مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز نہ کرنیکی دھمکی دیدی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی انتہا پسند ہندو جماعت کے رہنما نے پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز نہ کرنے دینے کی دھمکی دے دی۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے محض ایک ماہ میں دنیا بھر سے 200 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ ’مولا جٹ‘ پاکستانی تاریخ کی پہلی فلم بنی تھی، جسے ملک کے باہر سب سے زیادہ اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا جب کہ یہ پنجابی زبان کی بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی تھی۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت کے علاوہ خطے دیگر متعدد ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، تاہم امکان تھا کہ اسے بھارتی ریاست پنجاب میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، کیوں کہ یہ فلم پنجابی زبان میں ہے۔ لیکن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز کرنے سے قبل ہی وہاں کے ہندو انتہا پسند رہنما نے دھمکی دے دی۔ بھارتی ٹیلی وژن کے مطابق مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے رہنما امیہ کھوپکر نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستانی فلم کے خلاف ٹوئٹ کی اور اعلان کیا کہ ان کی جماعت پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی فلم کو بھارتی کمپنیاں انڈیا میں ریلیز کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کی جماعت ایسا نہیں ہونے دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں