ناموس صحابہؓ بل کیخلاف گستاخی کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے، سنی علما کونسل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سنی علماکونسل کوئٹہ کے مرکزی رہنمامولانا رمضان مینگل نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ دنوں گستاخی کرنے والے شخص کی ضمانت منسوخ کرکے اسے گرفتار کیا جائے تاکہ اس طرح کے غلط اقدامات کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مفتی کلیم اللہ حیدری، مولانا عبدالرحیم ساجد، سید مقبول الرحمن شاہ سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مولانا رمضان مینگل نے ایوان زیرین میں ناموس صحابہؓ بل متفقہ طور پر منظور ہونے پر تمام ممبران قومی اسمبلی کو سلام اور مولانا عبدالااکبر چترالی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں حالانکہ یہ بل اس سے قبل بھی پیش ہوا تھا اور کچھ نادیدہ قوتوں نے بل پاس نہیں ہونے دیا اب الحمد اللہ یہ بل پاکستان کی قومی اسمبلی سے پاس ہوا ہے جس کی پاکستان کو اشد ضرورت تھی اس بل سے ملک میں مکمل فرقہ واریت ختم ہوگی بل کا مجموعہ یہی ہے کہ صحابہ کرامؓ ازوج مطہرات اور اہل بیتؓ کو قانونی تحفظ فراہم کیاجائے جبکہ کچھ لوگ اس بل کی مخالفت کرکے گستاخی بھی کرتے ہیں جس کی واضح مثال گزشتہ دنوں ایک شخص نے گستاخی کی اور کوئٹہ میں اس کے خلاف مقدمہ درج ہوا اور گزشتہ روز اس نے پریس کلب میں ناموس صحابہؓ اور اہل بیت بل کیخلاف پریس کانفرنس کی یہ لوگ گستاخی کے جواز لیتے ہیں اور راستہ تلاش کرتے ہیں ہمارا صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ ہے مذکورہ گستاخی کرنے والے کی ضمانت منسوخ کرکے گرفتار کیا جائے تاکہ ایسے غلط اقدامات کا سدباب یقینی بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں