پی ٹی آئی کے مزید استعفے منظور کیے جانیکا امکان، پی ڈی ایم قومی اسمبلی میں واپسی روکنے پر ڈٹ گئی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پی ڈی ایم کی حکومت بھی قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی واپسی روکنے پر ڈٹ گئی۔ تحریک انصاف کے مزید 25 سے 30 اراکین کے استعفے منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ سپیکر کو ان اراکین کے استعفے منظور کرنے کی ایڈوائس بھجوا دی گئی۔ایک طرف تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آنے کی راہ ہموار کرنے لگی تو دوسری جانب پی ڈی ایم راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے لگی۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے سپیکر راجہ پرویز اشرف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔جس میں تحریک انصاف کے مزید 25 سے 30 اراکین کے استعفے منظور کیے جانے پر مشاورت کی گئی ہے۔اس حوالے سے قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی نے بھی ہوم ورک مکمل کرکے فائل سپیکر کو بھجوا دی ہے۔جس میں سپیکر کو ان اراکین کے استعفے منظور کرنے کی ایڈوائس دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اب سپیکر کی صوابدید ہے کہ وہ کب ان اراکین کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجواتا ہے۔پہلے بھی 35 تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے سپیکر نے اچانک الیکشن کمیشن کو بھجوا دئیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں