سرد علاقوں کو گیس لوڈشیڈنگ سے مبرا کیا جائے، پشتونخوا میپ کا کراچی میں سدرن کمپنی کے باہر مظاہرہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کراچی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و جلسہ منعقد ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریز صاحبہ بڑیچ، سراج خان اورصوبائی ڈپٹی سیکریٹریز صدیق آغا، شفیع ترین، سید اکبر کاکڑ، حمداللہ بڑیچ، خلیل ترین نے کہا کہ اس وقت کوئٹہ میں شدید سردی ہے اور گیس کے ناروا لوڈشیڈنگ،پریشر میں شدید کمی اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک کو گیس فراہم کرنے والے صوبے کا دارلخلافہ کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں گیس کی عدم فراہمی، بدترین لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں قابل تشویش ہے اور شدید سردی میں عوام کی جانب سے ہر جگہ احتجاج کے باوجود شنوائی نہیں ہورہی۔ گیس کمپنی نے ان گھمبیر حالات میں اپنی ذمہ داریوں سے مبراں ہوکر مسلسل بیحسی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر گیس کی تواتر کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شدید سردی کے اس موسم میں سرد علاقوں کو گیس لوڈشیڈنگ سے مبرا کیا جائے اور گیس کوصحیح پریشر کے ساتھ بحال کیا جائے۔ اگر مطالبات پر مناسب عمل نہیں کیا گیا تو پارٹی مزید احتجاج کا فیصلہ کریگی۔ اس سلسلے میں پارٹی کے نماہندہ وفد نے ایس ایس جی کے سینئر جنرل مینیجر ڈسٹریبیوشن سے ملاقات کی اور تحریری طور پر مسائل سے اگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد ایک نمائندہ کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس مسئلے کے حل کیلئے کوششیں کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں