سندھ اور پنجاب کی لڑائی میں بلوچستان کو گیس کے بعد پانی کا بھی حق نہیں دیا جارہا، خالد مگسی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل نے صوبوں کے درمیان آبی تنازعات کے حل کیلئے ٹیلی میٹری نظام کی تنصیب جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی نے ایف بی آر کو نولونگ ڈیم کے واجبات کی فوری ادائیگی کی سفارش کر دی ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا جلاس میر غلام علی تالپور کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ارسا اور واپڈا حکام نے آبی وسائل پر صوبوں کے درمیان تنازعہ پر بریفنگ دی۔ بلوچستان سے رکن اسمبلی خالد مگسی نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ خالد مگسی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ کی لڑائی میں صوبہ بلوچستان کو شدید نقصان ہورہا ہے۔ بلوچستان کو گیس کے بعد پانی کا بھی حق نہیں دیا جارہا۔ بلوچستان کی زرعی زمینیں بنجر ہورہی ہیں۔ واپڈا حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ صوبوں کے درمیان آبی تنازعات حل کرنے کیلئے ٹیلی میٹری سسٹم نصب کیا جارہا ہے، آئندہ 37 ماہ میں ابتدائی طور پر 5 مقامات پر ٹیلی میٹری سسٹم نصب کیا جائے گا، جس کے بعد مزید 17 مقامات پر ٹیلی میٹری سسٹم لگایا جائے گا، ٹیلی میٹری سسٹم سے پانی سے متعلق 90 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایک ٹیلی میٹری سسٹم 80 کی دہائی میں بھی آیا تھا۔ تاہم کوئی فائدہ نہ ہوا اور پیسہ ضائع ہوگیا، ہمارے لوگوں کو سسٹم چلانے کا تجربہ نہیں تھا، ہم نے اسی ملک میں رہنا ہے، خدا کیلئے بنیادی مسائل کا جلد حل نکالا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں