ظلم کیخلاف احتجاج نہیں مزاحمت ہوگی، پاکستان کا نصیب بدلنے کیلئے گھروں سے نکلنا ہوگا، خالد مقبول

کراچی (انتخاب نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم جدو جہد کیلئے حجت تمام کریں گے طاقت ہماری تہذیب نہیں تہذیب ہماری طاقت ہے اور تمام قومیتوں کو انفرادی طور پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ ظلم کے خلاف جدوجہد کریں گے، اب ایم کیو ایم احتجاج نہیں مزاحمت کرے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام باغ جناح گراو¿نڈ میں 39 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کراچی نے پورے پاکستان کو پیغام دیدیا ہے کہ اگر 75 برس کے بعد بھی حکمران اپنی رویش پر قائم ہیں تو عوام ان کے خلاف سیسا پلائی ہوئی دیوار ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ جنہوں نے پاکستان بنانے کا ارادہ کیا ان کی اولادوں کو پاکستان بچانے کا ارادہ آخر کیوں کرنا پڑا؟ پاکستان کو قائم ہوئے 75 برس گزر چکے ہیں کیا ہم آزاد ہوئے؟ کیا ہم نے پا کستان بنانے کا مقصد حاصل کیا؟ ہم بڑے بد قسمت ہیں کہ ہم نے آزادی کی قدر نہیں کی کہ جس آزادی کیلئے ہم نے 25 لاکھ جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب اور محکوم لوگوں کو آئینی تحفظ دلائیں گے جس طرح مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارا کل ہمارے ہاتھ میں ہمارا تحفظ، نوکری، اسپتال اور عوام کے تحفط اور حقوق کیلئے جو تحریک چلے گی ایم کیو ایم پاکستان اس کے ساتھ رہیگی اور اب ہمیں اپنا اور پاکستان کا نصیب بدلنے کیلئے گھروں سے نکلنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں