خطے میں امن کیلئے سعودی عرب سے تعلقات کو مضبوط بنائیں گے، ایرانی وزیر خارجہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ) خبرایجنسی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کیلئے تیار ہیں، مجوزہ ملاقات کیلئے تین مقامات زیر غور ہیں۔ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک نے دو ماہ کے اندر اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہمسایہ ملک کی جانب سے سکیورٹی کو خطرات برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یمن کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یمن کی صورتحال ان کا اندرونی معاملہ ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ خطے میں استحکام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کیا جائے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات 2016 سے منقطع تھے تاہم رواں ماہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں چین نے اہم ثالث کا کردار ادا کیا۔ عالمی رہنماو¿ں کی جانب سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جب کہ انہوں نے اہم ثالث کا کردار ادا کرنے پر چین سمیت عمان اور عراق کی بھی تعریف کی۔ فرانس، اردن، کویت، بحرین اور ترکیہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے خطے میں تناو¿ کے خاتمے اور استحکام میں مددگار ڈائیلاگ کی حمایت کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں