ٹوئٹر نے پاکستانی حکومت کا اکاﺅنٹ بھارت میں صارفین کیلئے بلاک کردیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستانی حکومت کا اکاونٹ بھارت میں صارفین کے لیے بلاک کردیا ہے۔ جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر ایک نوٹس میں ٹوئٹر نے بتایا کہ یہ اقدام بھارت میں قانونی مطالبے کے بعد کیا گیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی کی گائیڈ لائنز میں یہ شامل ہے کہ کمپنی کسی بھی ملک کی جانب سے کسی قانونی مطالبے، جیسے کہ عدالتی حکم کی صورت میں اکاو¿نٹس کا کسی بھی ملک میں دکھایا جانا روک سکتی ہے۔ البتہ پاکستانی حکومت کا اکاو¿نٹ @GovtofPakistan دوسرے ممالک جیسے امریکہ اور کینیڈا وغیرہ میں صارفین دیکھ سکتے ہیں۔ رائٹرز کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر، پاکستان اور بھارتی حکومتوں نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست پر ردِعمل نہیں دیا۔ پاکستانی حکومت کے سرکاری ٹوئٹر اکاو¿نٹ کے ٹوئٹر پر 30 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں اور یہاں حکومت پاکستان سے متعلق معلومات شیئر کی جاتی ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان اس سے پہلے ایک دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والی ویب سائٹس پر پابندی لگا چکے ہیں۔ چند برس پہلے پاکستان نے بھارتی نیوز ویب سائٹ ‘انڈیا ٹوڈے’ پر پابندی عائد کی تھی۔ گزشتہ برس بھارت نے ٹوئٹر پر اقوام متحدہ، ترکیہ، ایران اور مصر میں قائم پاکستانی سفارت خانوں کے آفیشل اکاو¿نٹ پر پابندی لگائی تھی۔ اس کے علاوہ دسمبر میں وڈلی نامی پاکستانی او ٹی ٹی ویب سائٹ کو بھارت میں بلاک کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں