جہاز اور ٹرین ایس او پیز کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں تو پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھلنا چاہیے،میر لیاقت لہڑی

کوئٹہ: کوئٹہ میں ٹرانسپورٹرز نے پبلک ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کے خلاف احتجاجاً بسیں کھڑی کرکے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیا، تفصیلات کے مطابق بدھ کو کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کر بس ٹرانسپورٹرز نے صوبائی حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کے خلاف احتجاجاً بسیں کھڑی کر کے کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بلاک کردیا، جسکی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اس حوالے سے ٹرانسپورٹر رہنما میر لیاقت علی لہڑی نے بتایا کہ ملک کے تین صوبوں میں ایس او پیز کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کو کھول دیا گیا ہے البتہ بلوچستان میںاب تک ٹرانسپورٹ کھولنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے ایس او پیز یا ٹرانسپورٹرز سے رابطہ نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ صرف بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کی بندش سے ہزاروں لو گ بے روزگار ہوگئے ہیں او ر وہ نا ن شبینہ کے محتاج ہیں ایک بس کے ساتھ عملے کی پوری ٹیم ہوتی ہے جو کہ اس وقت بے روزگار ہوکر گھروں میں بیٹھے ہیں لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے اس اہم مسئلے پر توجہ نہیں دی جارہی انہوں نے کہا کہ جب جہاز اور ٹرین ایس او پیز کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں تو پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھلنا چاہیے،وزیراعلیٰ جام کمال خان سے تمام ٹرانسپورٹر مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خصوصی طور پر ٹرانسپورٹ کھولنے کے لئے ایس او پیز تیار کروائیں بصورت دیگر ہم مزید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں