آئی ایم ایف کا پاکستان کو چین کیساتھ تعلقات بحالی سے روکنا سنجیدہ معاملہ ہے، پی ٹی آئی رہنما
کوئٹہ : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم وریسورسز کے چیئرمین سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ ”آ ئی ایم ایف “کی طرف سے تاحال معاہدہ نہ کرنا اور امریکہ کا پاکستان کو پیغام دینا کہ پاکستان چین کی طرف جانے سے باز آجائے سنجیدہ معاملہ ہے، سعودیہ اور ایران دوستانہ تعلقات خطے کی تقدیر بدل دیں گی۔ یہ بات انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ سعودی عرب ایک علاقائی طاقت ہونے کے ناطے اور دیگر عرب ممالک مالی خوشحالی اور سرمایہ کاری یا تیل کے مراکز ہونے کے ناطے تو امریکہ اور چین کو ساتھ ساتھ چل سکیں گے اور کوئی ایک بھی ان کے آگے لکیر نہیں کھینچ سکتا لیکن پاکستان کے سامنے اب اشاروں کنایوں میں لکیر کھینچی جارہی ہے اور بہت جلد واشگاف الفاظ میں طرفین کھل کر بھی مطالبہ کرنے لگ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کسی ایک کو نہ کرنا اتنا آسان فیصلہ نہیں۔ ایران اور سعودی عرب نے اپنے لئے خطرات کم کردئیے لیکن پاکستان کے لئے ہندوستان اور افغانستان کے چیلنجز بدستور موجود ہیں جو اسے بڑی طاقتوں کا محتاج بناتے ہیں انڈیا اور پاکستان بھی ایران اور سعودی عرب سے سبق سیکھ کر اپنے تنازعات حل کرسکتے ہیں۔ قومی اور بین الاقوامی امور پر گہری نظر رکھنے والے سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مفاہمت دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص پاکستان کے لیے بہت بڑی راحت کا باعث ہوگی پاکستان کو دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے دوسری طرف چینی سفارت کاری اچھی طرح سے تعریف کی مستحق ہے۔


