ملک میں ایک ساتھ اور اپنے مقررہ وقت پر انتخابات ہونے چاہئیں،پی پی پی بلوچستان

کوئٹہ(یو این اے)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ ملک میں ایک ساتھ اور اپنے مقررہ وقت پر انتخابات ہونے چاہئیں، پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے تمام اداروں کا احترام کرتی ہے، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور اسٹیٹ بینک عدلیہ کے ماتحت نہیں ہیں،عدلیہ پارلیمنٹ کے ماتحت ہے اور پارلیمنٹ کی طرف سے کی گئی قانون سازی کا پابند ادارہ ہے، عدالتوں کا کام نہیں ہے کہ وہ ملک یا کسی صوبے کے سیاسی فیصلے کریں، سیاسی فیصلے سیاستدان سیاسی میدان میں کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ متنازعہ چیف جسٹس صاحب اپنے متنازعہ فیصلے پر کہتے ہیں کہ فیصلہ کیسے واپس لیں، جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے فیصلے پر بنچ بنا کر فیصلہ واپس لیا گیا، جب تک فل کورٹ تشکیل نہیں دیا جاتا تب تک عدلیہ کے فیصلے متنازعہ ہی رہے گے، چیف جسٹس ملک کے نہیں بلکہ ایک سیاسی گروہ کے چیف جسٹس کے طور پر کردار ادا کررہے ہیں، جو ججز آپس میں بیٹھ کر مذاکرات نہیں کرتے وہ سیاستدانوں کو مذاکرات کا مشورہ دے رہے ہیں،کسی ایک شخص جو کہ کرسی کا پجاری ہے کے کہنے پر ملک کے فیصلے نہیں کئے جاسکتے، سردارسربلند جوگیزئی نے کہاکہ عمران نیازی نے ملک اور سیاست کا مذاق بنا دیا ہے اور اب وہ یہی کام عدالتوں سے بھی کروانا چاہتا ہیں، پی ڈی ایم اورپیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ عمران خان کے سہولت کاروں کی موجودگی میں شفاف انتخابات ممکن نہیں، کچھ ججز عمران خان کے سہولت کار ہے اور انکی باقاعدہ آڈیوز بھی لیک ہوئے ہیں، معزز عدالت کو پارلیمنٹ کا اور آئین کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھ سیاسی فیصلوں سے دور رہنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں