سریاب کسٹم آتشزدگی کے متاثرین کی دادرسی کی جائے، خاموش نہیں بیٹھیں گے، فائربریگیڈ کا دفتر بھی نہیں، غلام نبی مری

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی مرکزی کمیٹی ممبر غلام نبی مری نے اپنے ایک بیان میں گز شتہ شب سریاب کسٹم کے قریب آئل ٹینکر حادثے میں 40کے قریب دکانوں کے جل کر خاکستر ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب جو کہ اہم قومی شاہراہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہت بڑے علاقے پر پھیلا ہواگنجان آباد علاقہ ہے مگر یہاں فائربریگیڈ کا کوئی آفس موجود نہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بعد گھنٹوں تک فائربریگیڈ کا عملہ نہیں پہنچ پاتا جس کا منہ بولتا ثبوت گزشتہ روز کا ناخوشگوار واقعہ ہیں۔گزشتہ شب سریاب کسٹم کے قریب آئل ٹینکر الٹنے سے آگ بھڑک اٹھی اور کئی گھنٹوں تک آگ جلتا رہا مگر فائربریگیڈ کا عملہ بروقت نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے پرچون، جنرل سٹورز، ہول سیلرز سمیت دیگر40کے قریب دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جس سے مقامی تاجروں کو بہت بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے بلکہ سینکڑوں غریب دکاندار جن کا واحد ذریعہ معاش یہی دکانیں تھیں کا روزگار چن گیا۔ ایک طرف بے روزگاری، معاشری بحران، کورونا، لاک ڈاؤن اور معاشی تنگدستی کا لوگوں کو سامنا ہے تو دوسری جانب ان کی دکانیں جل جانے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا اور وہ بے یار و مددگار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ ایک ایسے ہی دن میں رونما ہوتا ہے جس دن کوئٹہ شہر میں واقع اکثر پٹرول پمپوں پر پٹرول نہیں مل رہا تھا جہاں تیل مل رہا تھا وہاں پمپوں کے سامنے گاڑیوں کی طویل لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں ایسے دن میں ہی آئل ٹینکر کا اس راستے سے گزرجانا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ اس سے پہلے بھی ہزارگنجی سمیت سریاب کے مختلف علاقوں میں اسی طرح کے دلخراش سانحات وواقعات رونما ہوتے رہے ہیں جن میں لوگوں کو بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگر سریاب کے علاقے میں فائربریگیڈ کا آفس موجود ہوتا تو اس طرح کے سانحات کے دوران اتنے بڑے نقصانات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی مذکورہ واقعہ کے تمام متاثرین کے ساتھ ہے اور حلقے کی نمائندہ اور ذمہ دار جماعت ہونے کے ناطے ایسے کسی بھی مسئلے پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی بلکہ متاثرین کی آواز بن کر ہر پلیٹ فارم پر ان کے لئے آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سریاب متاثرین کے لئے معاوضہ اور دکانوں کی مرمت کے لئے پیکیج کا اعلان کریں بصورت دیگر بلوچستان نیشنل پارٹی متاثرین کے ساتھ مل کر بھر پور آواز اٹھائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں