سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی میں واشنگٹن کا بھی مفاد ہے،امریکا

واشنگٹن (این این آئی) امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات کے آغاز کیلئے پرعزم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اسرائیلی پبلک افیئرز کمیٹی (اے آئی پی اے سی) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی میں واشنگٹن کی قومی سلامتی کا مفاد بھی جڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم یہ کرسکتے ہیں اور ہمیں ضرور یہ کرنا چاہیے، اس بحالی کے عمل میں پیشرفت کیلئے لازم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انٹونی بلنکن رواں ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ابھی سعودی عرب اور اسرائیل کا کوئی معاہدہ نہیں ہوگا لیکن ہم اس نتیجے پر پہنچنے تک کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور اس ہفتے جدہ اور ریاض کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ رواں برس اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ باضابطہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ یہ عرب اسرائیلی تنازع ختم کرنے کی طرف ایک بڑا قدم ہوگا۔ دوسری طرف سعودی حکام کا کہنا تھا کہ ہم عرب امن معاہدے کے مطابق چلیں گے جس میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی عرب علاقوں سے اسرائیلی فوج کی واپسی اور ایک فلسطینی ریاست کے قیام سے مشروط ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں