فرانس میں لبنان کے سفیر پر ریپ کا الزام، شکایت کے بعد تفتیش جاری

پیرس/ بیروت ( آن لائن ) فرانس میں لبنان کے سفیر پر ریپ کا الزام عائد ، حکام نے لبنان سے پیرس میں تعینات اپنے سفیر کا استثنیٰ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ۔ فرانسیسی حکام لبنان سے یہ مطالبہ کریں گے اور اس سمت مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے لبنان کے سفیر پر عصمت دری اور جان بوجھ کر تشدد کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔سفارت خانے کے دو سابق ملازمین کی شکایات کے بعد فرانس میں سفیر رامی عدوان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اسے سفارتی استثنیٰ حاصل ہے لیکن اگر لبنان فرانس کی درخواست مان لیتا ہے تو رامی کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔لبنان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ سفیر سے پوچھ گچھ اور سفارت خانے کے عملے کے بیانات سننے کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم پیرس میں سفارت خانے بھیجے گی۔ تحقیقات کے مطابق سفارتخانہ کی ایک 31 سالہ سابق ملازمہ نے جون 2022 میں ریپ کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس نے کہا تھا کہ مئی 2020 میں سفیر نے نجی اپارٹمنٹ میں اسے ہراساں کیا تھا۔ سفیر نے اسے نفسیاتی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔28 سال کی دوسری خاتون نے فروری میں شکایت کی تھی کہ اس کی جانب سے جنسی تعلقات سے منع کرنے کے بعد سفارت کار نے اسے جسمانی حملوں کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا۔فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ حقائق کی سنگینی کے پیش نظر ہم لبنانی حکام کے لیے ضروری سمجھتے ہیں کہ پیرس میں لبنانی سفیر کا استثنیٰ ختم کر دیا جائے تاکہ فرانسیسی عدالتی حکام کے کام میں آسانی ہو جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں