سنتھیا رچی کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر اسلام آباد پولیس سے تفصیلی جواب طلب

اسلام آباد: عدالت نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ نہ درج کرنے پر اسلام آباد پولیس سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت پولیس نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ الزام سوشل میڈیا پر لگایا گیا ہے اس لیے ہم نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا، یہ ہمارا نہیں ایف آئی اے کا کیس بنتا ہے، سوشل میڈیا کا کیس ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 500 اور 505 کے تحت پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار ہے، پولیس مقدمہ درج کر سکتی ہے لیکن صرف بہانہ بنا رہی ہے۔ بعدازاں عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد اسلام آباد پولیس سے مقدمہ درج نہ کرنے پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں