شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کا رابطہ دفتر تباہ کر دیا

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نےدونوں ممالک کے درمیان سرحد پر قائم رابطہ آفس تباہ کر دیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر کام کرنے والی جنوبی کوریا کی وزارت نے میڈیا کو بھیجے گئے ایک پیغام میں بتایا ہے کہ "شمالی کوریا نے کائسونگ رابطہ دفتر 2 بجکر 49 منٹ پر تباہ کر دیا ہے۔”مقامی خبر رساں ادارے یانہیپ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزارت کی جانب سے بیان سے کچھ دیر قبل دونوں ممالک کے مشترکہ صنعتی زون جہاں مذکورہ دفتر قائم ہے، ایک دھماکا سنا گیا جس کے بعدوہاں سے دھواں بھی فضا میں بلند ہوتا دیکھا گیا۔یاد رہے کہ جون کے آغاز سے ہی شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے بارڈر کی دوسری جانب شمال مخالف پمفلٹ پھینکے جانے کے واقعات پر کئی سخت مذمتی بیانات جاری کیے۔ جنوبی کوریا سے اکثر شمال مخالف پمفلٹ گرم ہوا کے غباروں کے ذریعے یا تیرتی بوتلوں میں بند کرکے چھوڑے جاتے ہیں جس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ایٹمی عزائم پر شمالی کورین رہنما کم جانگ ان کو تنقید کا نشانہ جاتا ہے۔شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ جنوب کے ساتھ تمام باضابطہ رابطوں کو ختم کررہا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ شمالی کوریا جنوب پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایک بحران پیدا کرنا چاہتا ہے ۔دوسری جانب آج ہی شمالی کوریا کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ جنوبی کوریا کے خلاف کارروائی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے جس میں ان علاقوں میں واپسی بھی شامل ہے جہاں سے دونوں ملکوں کی فوجیں ایک معاہدے کے تحت انخلا کر چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں