حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے،ملک سکندر ایڈووکیٹ

حمید آباد: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر وبلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہی ہے،عوامی حقوق پر کسی قسم سمجھوتہ نہیں کریں گے جمعیت حقیقی معنوں میں بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کررہا ہے، بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے کردار ادا کر نا ہوگا۔ خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ محمد ابراہیم لہڑی سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملکی و بین الاقوامی حالات پر دلچسپ گفتگو اور تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی نے حکمرانوں کو قوم کا خون چوسنے پرلگا دیا ہے۔بجٹ کے نام پر غریبوں اور سفید پوش طبقات کا استحصال کیاگیا ہے۔ پاکستان کے معاشی اور قومی مسائل کا واحد حل قرآن وسنت کے نظام میں ہے۔ حکومت نے خسارے کا بجٹ پیش کرکے موجودہ پریشان کن صورتحال میں مہنگائی میں مزید اضافہ کرکے قوم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، بجٹ میں ٹیکس نہ لگانے والوں نے ہر ماہ مہنگائی وبدعنوانی کے ٹیکس لگائے ہیں ملک کو عالمی مالیاتی سودی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ جبکہ تنخواہوں میں سال میں ایک دفعہ بھی اضافہ نہ ہوا، دوسری طرف بے روزگاری روز بروز بڑھ رہی ہے مگر روزگار کی فراہمی کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام کم آمدنی والوں کی مشکلات میں بدترین اضافہ ہوگا حکمران عوام کو ریلیف نہیں دینا چاہتے۔ بین الاقوامی مالیاتی سودی ادارے بھی یہی چاہتے ہیں کہ لوٹ مار، بدعنوانی چلتی رہے تاکہ پاکستان کو قرض کی زیادہ ضرورت پڑے اور مالیاتی اداروں کو ان کی شرائط پر ملک کو قرض دینا پڑے۔ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ملک و قوم کہ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے والے حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔ پاکستان کے معاشی اور قومی مسائل کا واحد حل قرآن وسنت کے نظام میں ہے بجٹ میں عوام کو تعلیم، صحت، روزگار، انصاف تک رسائی اور زندگی کی بنیادی ضرورتیں نظر نہیں آرہیں اس لیے عوام بجٹ کو پھانسی کا پھندہ تصور کررہے ہیں۔ لگتا ہے یہ سب بھی عالمی دبا پر کیا جارہا ہے بجٹ 2020پیش کرکے موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی پرایک اور مہرثبت کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں