پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کا سول ہسپتال کوئٹہ میں احتجاجی کیمپ منگل کو ساتویں روز بھی جاری رہا

کوئٹہ:پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کا سول ہسپتال کوئٹہ میں احتجاجی کیمپ منگل کو ساتویں روز بھی جاری رہا۔منگل کو کیمپ میں پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمدطارق کدیزئی،ٹی بی سینٹوریم ہسپتال کے صدرعزیز بلوچ،سول ہسپتال کے صدر حاجی شفا مینگل،جنرل سیکرٹری صاحب خان کاکڑسے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر یاسین بلوچ، صوبائی ترجمان علی احمد لانگو،مختلف ٹریڈ یونین کے رہنماوں نے کیمپ آکر اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے اورآئندہ بھی اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی سول ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن سول ہسپتال کے صدرحاجی شفامینگل اورانکے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حاجی شفامینگل اور انکے عہدیداروں کو فوری طورپر بحال کیا جائے اورانکے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں بصورت دیگر نیشنل پارٹی ملازمین کے ساتھ ملکراحتجاج پر مجبور ہوگی۔پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمدطارق کدیزئی،حاجی شفاء مینگل نے ڈاکٹر یاسین بلوچ اوردیگر کو سول ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے پیرامیدیکل سٹاف کے عہدیداروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ اگر حکومت نے غیر سنجیدگی کارویہ جاری رکھا تو پیرامیڈیکس سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام ترذمہ داری محکمہ صحت کے حکام بالا پر عائد ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں