سشانت سنگھ کی خودکشی، بولی وڈ کی 8 بڑی شخصیات کے خلاف مقدمہ دائر

اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو اچانک خودکشی کرلی تھی جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر بولی وڈ میں اقربا پروری اور باہر سے آنے والوں کے ساتھ سلوک پر بحث چل رہی ہے اور اب بھارتی فلمی صنعت کی اہم شخصیات کے خلاف ریاست بہار میں مقدمہ دائر کیا گیا۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے بولی وڈ کی 8 شخصیات بشمول کرن جوہر، سنجے لیلا بھنسالی، سلمان خان اور ایکتاکپور کے خلاف مقدمہ مظفر پور کی ایک عدالت میں دائر کیا ہے۔یہ مقدمہ مختلف دفعات 306، 109، 504 اور 506 کے تحت دائر کرتے ہوئے بولی وڈ شخصیات پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے سشانت سنگھ کو ایک سازش کے تحت خودکشی پر مجبور کیا، جسے درخواست گزار نے قتل قرار دیا ہے۔سُشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔سُشانت کی پہلی فلم کائی پو چے تھی، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے ملی، جس کے بعد انہوں نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ایم ایس دھونی میں شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق 34 سالہ سُشانت سنگھ راجپوت کی پھندا لگی لاش ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق بولی وڈ اداکار کی لاش ممبئی کے پرتعیش علاقے باندرا میں ان کی رہائش گاہ سے ملی اور انہوں نے اپنے کمرے کو بند کرکے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کی۔واقعے کی اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ ا اور ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ کی رہائش گاہ پر ان کے چند دوست بھی موجود تھےنڈین ایکسپریس نے بھی اپنی رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے 14 جون کو اپنی رہائش گاہ میں خودکشی کی اور پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی۔بتایا جا رہا ہے کہ اداکار گزشتہ چند ماہ سے ذہنی دباؤ اور سخت ڈپریشن کا شکار تھے اور ان کی ڈپریشن میں حالیہ ہفتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔اداکار کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھیج دیا تھا اور اتوار کو رات دیر گئے ہسپتال انتظامیہ نے اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے کوپر ہسپتال کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اداکار کے موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا۔رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ پھنڈے کی وجہ سے اداکار کا دم گھٹا، جس وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی لاش سے کچھ نمونے لے کر فورینزک ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے، جن کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔سشانت سنگھ راجپوت کا تعلق ریاست بہار کے شہر پٹنا سے تھا، وہ ممبئی میں اکیلے رہتے تھے، ان کی چار بہنیں ہیں جن میں سے ایک ریاست بہار کی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلتی ہیں۔اداکار کی اچانک موت نے ان کے گھروالوں، مداحوں اور دوستوں کو شدید صدمے کا شکار کیا، یہاں تک کہ سشانت سنگھ کے ایک کزن کی اہلیہ دنیا سے چل بسیں۔سودھا دیوی نامی خاتون سشانت سنگھ کی اچانک موت کا صدمہ برداشت نہیں کرسکیں اور عین اس وقت پٹنہ میں آخری سانسیں لیں جب ممبئی میں اداکار کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سودھا دیوی نے سشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد کھانا پینا چھوڑ دیا تھا۔
دوسری جانب اداکار کی آخری فلم ‘دل بیچارہ’ جو کہ ایک ہولی وڈ فلم دی فالٹ ان آرز اسٹارز پر مبنی ہے، آن لائن ریلیز کی جائے گی۔فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم مکیش چھابڑا کا بطور ڈائریکٹر ڈیبیو ہے اور اسے مئی میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث ریلیز نہیں کیا گیا۔مکیش چھابڑا سشانت سنگھ کے قریبی دوستوں میں شامل تھے اور دونوں ایک دوسرے کو بھائی سمجھتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں