چیف منسٹر پیکج فار کوئٹہ ڈویلپمنٹ کیس، سڑکوں کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر متعلقہ حکام عدالت میں طلب
کوئٹہ (آن لائن) عدالت عالیہ بلوچستان کے ججز جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جناب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل بینچ نے چیف منسٹر پیکج فار کوئٹہ ڈویلپمنٹ منصوبے کے حوالے سے آئینی درخواست کی سماعت کی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق احمد نے منصوبوں کے حوالے سے پروگریس رپورٹ پیش کی۔ معزز بینچ نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، مغربی بائی پاس بادینی لنک روڈ توسیعی منصوبے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیمات، سبزل روڈ ریڈیو ٹاور روڈ توسیعی منصوبوں میں مسلسل تاخیر پر ایم ایس خان اینڈ کمپنی، این پی آئی کنسٹرکشن اینڈ انجینئرنگ، این ایل سی، الخیر کنسٹرکشن کمپنی، جے وی میٹروکون اور شاہ بلڈرز کے جے وی نعمان کنسٹرکشن کمپنی کے ذمہ داران کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔ معزز بینچ نے مغربی بائی پاس کوئٹہ کے منصوبے کی سست روی اور شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر جنرل منیجر NHA اور کنٹریکٹرز کو بھی نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 نومبر 2023 تک ملتوی کردی۔


