توشہ خانہ ریفرنس: آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع جبکہ آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب نے بتایا کہ نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے بھاگ رہے ہیں، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی برطانیہ بھیجے لیکن وہ پیش نہیں ہو رہے۔ عدالت نے نواز شریف کی طلبی کے لیے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ایک بار پھر کورونا وائرس کی وجہ سے حاضری سے استثنی کی درخواست دی۔ عدالت نے آصف زرداری کی مسلسل عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا آئندہ سماعت پر سابق صدر پیش ہو جائیں گے، تاہم عدالت نے آصف علی زرداری کو پیش ہونے کا موقع دیتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف اور آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان کو 17 اگست کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں