سیاسی نوسرباز اسلام کے نام پر عوام سے ووٹ ہتھیانے کیلئے سرگرم ہوگئے، خوشحال خان کاکڑ
کوئٹہ(آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتون قومی تحریک کا خون سے آبیاری کرنے والوں کی یاد منانے اور ان کے قومی ارمانوں اور مشن کی تکمیل کیلئے سرگرم جدوجہد پارٹی رہنماں اور کارکنوں کا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع قلعہ سیف اللہ سے مربوط خسنوب پتا علاقائی کانفرنس کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اللہ نور خان، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری و قلعہ سیف اللہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سعید اکبر کاکڑ، مرکزی کمیٹی کے اراکین نصیب وطنپال، شمس رودوال، ماسٹر کلیم اللہ، ظہور خان جوگیزئی، رحمت اللہ موسیٰ زئی اور عزیز ارین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کی تاریخ عظیم سپوتوں کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے ہر جارح اور حملہ آور کے خلاف مزاحمت کرکے ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا ہے اور اس راہ میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے اپنے وطن اور عوام کی دفاع کا حق جوا ں مردی اور جرات مندی سے ادا کیا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ان کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کر کے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کریں اور ان کے قومی ارمانوں کی تکمیل کیلئے بھرپور جدوجہد کرنے کے عزم کا ارادہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون افغان ملت کی اجتماعی زندگی کی حالت ماضی کے مقابلے میں اب سنگین حد تک بگڑ گئی ہے گزشتہ چار دہائیوں میں ان پر مسلط شدہ جنگ اور دہشتگردی نے ان سے بنیادی انسانی حقوق ، ترقی وخوشحالی اور آبادی چھین لی ہے اور ان کو ہر طرف سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے ۔ ملک میں اس خود دار اور محنت کش قوم پر تجارت ، کاروبار اور محنت مزدوری کرنے کے دروازے بند کئے جارہے ہیں اور نسلی بنیاد پر ان کے ساتھ تعصب کا بدترین رویہ رکھا جارہا ہے ۔ ان حالات میں پشتون افغان کیلئے دو ہی راستے ہیں یا تو وہ محکومی کی زندگی قبول کر کے جبر و ستم کے اس نظام کے تحت جہالت،غربت اور مفلسی کی زندگی گزارنے پر امادہ ہو جائیں اور یا پشتونخوا میپ کی صفوں میں شامل ہو کر سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے اپنے قومی غرور ، صلاحیت وہمت کو بروئے کار لاکر غلامی کی زنجیروں کو توڑ ڈالیں اور دنیا کے آزاد اور خوشحال قوموں کی صف میں کھڑے ہو کر وقار اور عظمت سے بھرپور زندگی گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ الیکشن کے قریب آتے ہی سیاسی نوسرباز اسلام کے مقدس نام کو استعمال کر کے عوام سے ووٹ ہتھیانے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں اور کرپشن و کمیشن کے ذریعے بنائے گئے مالی وسائل کو استعمال کر کے معصوم عوام کو ورغلا رہے ہیں جو اسلامی و معاشرتی روایات کے بالکل خلاف عمل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سیاسی پارٹیوں کا محاسبہ ضرور کرے جنہوں نے آئی ایم ایف اور دیگر سامراجی مالیاتی اداروں سے معاہدے کر کے عوام پر مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی حالت مسلط کی ہے اور اس دوران حکومت میں رہ کر اقتدار کے مزے لوٹتے رہیں اور اقتدار کے خاتمے پر اب ان کو عوام کی فکر ہونے لگی ہے جو ہمارے غیور عوام کے ساتھ فریب اور دھوکہ ہے اور عوام کو بھی ان قوتوں کی جھوٹ کے نرغے میں آنے کی بجائے شعور سے کام لیکر ان کا احتساب کرنا ہوگا۔


