اقتدار کے بھوکے قوم پرستوں کو لاپتا افراد کے مسئلے میں کوئی دلچسپی نہیں، سردار اختر مینگل
پنجگور(یو این اے)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں بی این پی کا راستہ روکنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے رہے ہیں لیکن عوام کی طاقت سے سازشیں ناکام بنانے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سردار اختر جان مینگل نے اپنے دو روزہ دورہ پنجگور کے موقع پر فٹبال چوک میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے عام سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل واجہ جہانزیب بلوچ۔ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میر نذیر احمد۔ مرکزی رہنما اور امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 258 حاجی زاہد حسین۔ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی بی 30اور ضلعی صدر حاجی عبدالغفار بلوچ۔ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی بی 29 داد جان بلوچ۔۔ بی ایس او کے مرکزی چیئرمین بالاچ قادر۔ ضلعی جنرل سیکرٹری قدیر احمد۔ نظام جان اور دیگر رہنماں نے خطاب کیا ۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلے لاپتہ افراد کا ہے اس اہم مسئلہ کو ہم نے ہمیشہ اولین ترجیح میں شامل کیا ہے اگر عوام کو بلوچستان کی بقا اور اپنے نوجوانوں کی روشن مستقبل کے لئے سنجیدگی سے سوچنا ہے تو وہ بی این پی کا ہاتھ مضبوط کریں۔کیوں کہ ہم مراعات یا عوام کو سبز باغ دکھانے کے لئے انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں بلکہ ہم اپنے قوم اور صوبے کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کے دعویدار آج اپنے قوم اور صوبہ کانام لینے سے بھی سے بھی قاصر ہیں کیونکہ ان کا مقصد صرف سیٹ ہے انہیں اپنے قوم اور لاپتہ افراد کے مسئلے سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ہمیں کسی کی بیساکھی کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہم اپنے عوام کی حمایت اور طاقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت میرے پارٹی کے اکثر امیدواروں کے کاغذات مسترد کئے گئے لیکن یہاں بھی ان کو شکست ہوئی۔ان لوگوں کے کاغذات بھی منظور کئے گئے جن کے پاس دوسرے ممالک کے پاسپورٹ تھے۔ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہمارا راستہ روکنے کیلئے کون سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قوم کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اس کیلئے جتنی بھی قربانی دینے پڈے کوئی کثیر نہیں چھوڑیں گے۔


