زمرک اچکزئی نے پی بی 50قلعہ عبداللہ میں دھاندلی کا الزام مسترد کر دیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماءنو منتخب رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ انتخاب کے دوران دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پانچویں بار مخالفین کو شکست دی ہے چھٹی اور ساتویں بار بھی شکست دیں گے اور قلعہ عبداللہ کے پر امن حالات کو خراب کو خراب کرکے لوگوں کی زندگیوں میں بدلاﺅ لانے کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے ہم نے ہمیشہ عدم تشدد کے فلسفے اور حق و سچ پر عمل پیرا ہوکر علاقے اور لوگوں کی خدمت کو سیاست کے ذریعے عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر مابت کاکا، صاحب جان کاکڑ، ثناءاللہ آغا،داﺅد خان پیر علیزئی ، رشید ناصر، ملک عثمان خان اچکزئی، باچا خان، حاجی نظام الدین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پر امن صاف اور شفاف انتخابات کے حوالے سے ری پولنگ کا مرحلہ مکمل ہوا مخالفین کی جانب سے عملے کے اغواءاور دیگر الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو غلط رپورٹس دی گئیں آر اوز اور ڈی آر اوز نے دونوں پارٹیوں کے ممبر اور ایجنٹوںکی موجودگی میں فارم 45 ترتیب دیا جس پر پریزائیڈنگ آفیسر اور پولنگ ایجنٹس کے دستخط بھی موجود ہیں ہم عدم تشدد کے فلسفے پر کار بند ہیں ہم نے ہمیشہ حق اور سچ کی سیاست کی ہے مخالفین کو بھی علاقے کے امن اور بھائی چارے کی فضاءکو خراب کرنے سے گریز کرنا چاہئے بدامنی کسی بھی علاقے اور قوم کے مفاد میں نہیں ان کا کہنا ہے کہ میرا پانچواں الیکشن ہے ہم جیتے ہیں اور آنے والے دور میں بھی عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کریں گے اس لئے مخالفین 5 سال انتظار کرکے عوام میں اپنا اچھا امیج بنائیں ۔ سابقہ دور میں میرے چچا بھی الیکشن جیتے تھے لیکن مخالف امیدوار کو صرف 7 ووٹوں سے دھاندلی کے ذریعے جتوایا گیا تاریخ کو کوئی بھی جھٹلا نہیں سکتا بد امنی اور افرا تفری کرنے والے کون لوگ ہیں اور ان سے میری کامیابی برداشت نہیں ہورہی ہے ہمیں دھمکیاں دیں لیکن ہم عدم تشدد کے پیروکار ہوتے ہوئے انتخاب کے تمام مراحل کو جمہوری ، سیاسی اور آئینی انداز میں مکمل کرنے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہمارا ایک پشتون وطن ہے ہم سب پشتون ہیں ہم نے ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لئے مختلف پارٹیوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ آزاد صحافت سب کا حق ہے لیکن کچھ نجی ٹی وی چینلز نے رزلٹ آنے سے قبل ہی مخالف امیدوار کو کامیاب قرار دینا شروع کردیا۔ مخالفین منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں کارکن اور ووٹر ان کی افواہوں پر کان نہ دھریں اصل فارم 45 وہی ہوتا ہے جس پر پریزائیڈنگ آفیسر اور ایجنٹوں کے دستخط ہوں لیکن مخالفین جعلی فارم 45 بناکر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرہے ہیں جس میں کوئی صداقت نہیں انہوں نے جعلی ووٹ کاسٹ کروائے مختلف حربے استعمال کئے گئے لیکن اس کے باوجود بھی ناکامی ان کا مقدر بنی ۔ توبہ اچکزئی ایک پارٹی یا ایک قبیلے کا نہیں وہاں تمام قبیلوں کے لوگ آباد ہیں ہم ایسی دھونس دھمکیوں سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے الیکشن لڑے اور آئندہ بھی لڑتے رہیں گے۔ جمعیت علماءاسلام نے بائیکاٹ کے باوجود بھی ان کا ساتھ دیا پی ٹی اور پشتونخوا سمیت تینوں پارٹیوں نے اپنا زور لگایا لیکن عوام نے انہیں مسترد کردیا۔ علاقے میں زئی خیلی کی بنیاد پر اختلافات پیدا کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہم زئی خیلی سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں تمام اقوام ہمارے لئے قابل احترام اور ان کی ترقی کے خواہاں ہیں۔ ضلع کا ضلعی ہیڈ کوارٹر انٹر نیشنل روٹ پر واقع ہے جہاں تمام سہولیات موجود ہیں یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہمارے گھر میں بنے۔ ہم سب کو ملکر اس ہیڈ کوارٹر کو آباد کرنا ہے اگر کسی کو ہیڈ کوارٹر یا تحصیل کا مسئلہ ہے تو ملکر اس مسئلہ کو حل کریں۔ 8 فروری کے عام انتخابات میں ہمارا ایک کارکن کو شہید کیا گیا ہم اس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اس کے باوجود بھی ہم عدم تشدد کے فلسفے پر قائم ہیں نے ہمیشہ ڈرگ مافیا کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ ان کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت اور پارٹی اداروں کی مشاورت سے حکومت ،اپوزیشن یا آزاد بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حلقہ سے منشیات کے خاتمے کیلئے پہلے بھی اپنا کردار ادا کیا آئندہ بھی اس ناسور کا قلع قمع کرکے علاقے کو منشیات سے نجات دلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں